علیحدگی پسند تنظیم کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے میڈیا کو جاری ایک بیان میں مکھن لال بندرو کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’’آنجہانی نے ایک لمبی مدت تک عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔‘‘
مکھن لال بندرو کی ہلاکت کو کشمیری سماج کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے علیحدگی پسند تنظیم نے ہلاکت کی پُرزور مذمت کی۔
بیان میں دو دیگر نہتے شہریوں کے ہلاکتوں کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’’یہ انسانیت کیخلاف پُر تشدد کارروائی اور قتل عام کے مترادف ہے۔‘‘
حریت کانفرنس نے مزید کہا کہ وہ مکھن لال بندرو اور دیگر مقتولین کے اعزاء و اقارب اور سوگوار کنبوں کے ساتھ ان سانحات پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے غمزہ کنبوں کے لیے صبر و تحمل کی دعا کرتے ہیں۔
علیحدگی پسند تنظیم حریت کانفرنس نے جموں وکشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال اور آئے روز پُرتشدد واقعات کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کی ہلاکتوں کے تناظر میں ایک بار پھر عالمی برادری سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ’’جموں وکشمیر کے دیرینہ تنازعہ کا حل نکال کر کشمیریوں کو عدم تحفظ اور غیر یقینیت کے ماحول سے نجات دلائیں۔‘‘