میر واعظ مولوی محمد عمر فاروق پانچ اگست 2019 سے ہی مسلسل نظر بند ہیں۔ گزشتہ دو برس سے خانہ نظر بندی کے باعث جموں و کشمیر کے سب سے بڑے مذہبی رہنما میر واعظ محمد عمر فاروق نہ تو اپنے تبلیغی فرائض انجام دے پا رہے ہیں اور نہ ہی اپنی منصبی زمہ داریاں پوری کر پا رہے ہیں۔
مرکزی جامع مسجد سرینگر میں اگرچہ کورونا کے چلتے جمعہ کی نماز فی الحال ادا نہیں کی جا رہی ہے لیکن کورونا وائرس کی وبائی بیماری کے پھیلاؤ سے قبل بھی اس تاریخی مسجد کے منبر و محراب کشمیر کے میر واعظ مولوی محمد عمر فاروق کے وعظ و تبلیغ سے محروم رہے۔ میر واعظ گزشتہ سو جمعے سے جامع مسجد میں جمعہ کے خطبات نہیں دے پائے ہیں۔\
انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کا کہنا ہے کہ میر واعظ کو جامع مسجد سے دور رکھنے سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو کافی ٹھیس پہنچ رہی ہے۔