آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے بتایا ہے کہ رواں سال عسکریت پسندوں نے کشمیر میں 28 عام شہریوں کو ہلاک کیا یے. اس سلسلے میں پولیس کا بیان سامنے آیا ہے جس میں آئی جی پی کشمیر نے جانکاری دیتے ہویے کہا کہ ان 28 ہلاکتوں میں سے 5 مقامی ہندو اور سکھ برادری کے افراد تھے اور دو غیر مقامی ہندو مزدور تھے.
وجے کمار نے کہا کہ سکیورٹی فورسس کی جانب سے کئی عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے جن میں عسکریت پسندوں کے اعلیٰ کمانڈرس بھی تھے، اس کے علاوہ عسکریت پسندوں کو ملنے والا سپورٹ بند ہوگیا جس کی وجہ سے وہ اب بوکھلائے ہوئے ہیں اور اپنی اسٹریٹجی تبدیل کی ہے.
وجے کمار نے مزید کہا کہ اب عسکریت پسند نہتے پولیس اہلکاروں، عام شہریوں، سیاسی لیڈران اور اب اقلیتی طبقہ کے افراد کو نشانہ بنارہے ہیں.
وجے کمار نے کہا کہ ان سب واقعات میں عسکریت پسندوں نے پستول کا استعمال کیا ہے اور ایسی کارروائیاں عسکری صفوں میں شامل ہونے والے نئے عسکریت پسند انجام دے رہے ہیں.