اردو

urdu

ETV Bharat / state

محکمہ موسمیات نے فلیش فلڈس، زمین کھسکنے کی ایڈوائزری جاری کی

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں 30 جولائی تک موسم کی صورتحال جوں کی توں رہ سکتی ہے اور اس دوران کئی مقامات پر شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے فلیش فلڈس، زمین کھسکنے کی ایڈوائزری جاری کی
محکمہ موسمیات نے فلیش فلڈس، زمین کھسکنے کی ایڈوائزری جاری کی

By

Published : Jul 28, 2021, 1:19 PM IST

محکمہ موسمیات نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں فلیش فلڈس، زمین کھسکنے، مٹی کے تودے گرنے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی وارننگ دی ہے۔

ادھر یونین ٹریٹری کے دونوں صوبوں میں متعقلہ محکمے کی پیش گوئی کے عین مطابق بدھ کی صبح سے ہی رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں 30 جولائی تک موسم کی صورتحال جوں کی توں رہ سکتی ہے اور اس دوران کئی مقامات پر شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے لوگوں سے احتیاط برتنے اور چوکس رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں مٹی کے تودے گرسکتے ہیں اور دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح مزید بڑھ سکتی ہے۔

دریں اثنا وادی کشمیر میں بھی منگل اور بدھ کی درمیانی شب سے ہی بارش کا سلسلہ رک رک کر جاری ہے جس سے کئی دنوں سے جاری گرمیوں کا زور کافی حد تک ٹوٹ گیا ہے اور لوگوں کو راحت نصیب ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کشتواڑ کے دچھن میں بادل پھٹنے سے 7 افراد ہلاک، درجنوں لاپتہ

موسلا دھار بارشوں سے جہاں دریاؤں، جھیل جھرنوں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے وہیں سڑکوں پر ہوئے گڑھوں میں بھی پانی جمع ہونے سے لوگوں کا عبور و مرور مشکل بن گیا ہے۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر جمع پانی نے گھروں سے باہر نکلنا محال کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیدل چلنے والوں کا چلنا پھرنا مشکل ہی نہیں بلکہ خطرناک بن گیا ہے کیونکہ سڑکوں کے کناروں پر جمع کیچڑ پر پھسلنے کے خطرات لاحق ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق جموں میں بھی بارشوں سے نہ صرف سڑکیں زیر آب ہیں بلکہ پانی مکانوں کا بھی رخ کر رہا ہے۔

یو این آئی

ABOUT THE AUTHOR

...view details