سرینگر (جموں کشمیر) :وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ چلہ کلاں جیسی ٹھٹھرتی سردیوں کا زور تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے وہیں سرینگر میں رواں سیزن کی ایک اور سرد ترین رات ریکارڈ درج ہوئی ہے۔ گرمائی دارالحکومت سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت منفی 5.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ وہیں محکمہ موسمیات نے 24دسمبر تک موسم خشک رہنے کی پیشگوئی ظاہر کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں 24 دسمبر تک موسم سرد مگر خشک رہنے کا امکان ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ اس عرصہ کے دورن وادی کشمیر کے بعض پہاڑی علاقوں میں 16 دسمبر کی رات کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی دسمبر ماہ برفباری نہیں ہوئی اور موسم مجموعی طور پر خشک رہا۔ ادھر، لگاتار خشک موسم کے سبب وادی کشمیر میں موسم کافی سرد ہے۔