سرینگر:جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے منگل کو پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (پی ڈی ڈی) کو 33,000 کے وی، ایچ ٹی برقی ترسیلی لائن کے کرنٹ لگنے سے معذور ہونے والے لڑکے کو 30 لاکھ روپے سے زیادہ معاوضہ فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت عالیہ میں دائر عرضی میں درخواست گزار، عاطف ارشاد کمار (متاثرہ)، نے جواب دہندگان - بشمول پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (پی ڈی ڈی)، ہندوستان کنسٹرکشن کمپنی (ایچ سی سی) اور نیشنل ہائیڈرو پاور کارپوریشن (این ایچ پی سی) - کو بجلی کرنٹ لگنے سے مستقل طور معذور ہونے کے لیے معاوضہ فراہم کیے جانے کی درخواست کی تھی۔ Minor Boy Electrocuted JKL HC Directs PDD to pay Compensation
عرضی گزار، منتری گام بانڈی پورہ کے رہائشی ایک چھ سالہ بچے نے اپنے وکیل ایڈوکیٹ بشیر احمد ٹاک کے ذریعے عدالت میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ سال 2018 میں درخواست گزار کا راست رابطہ 33000 کے وی ترسیلی ایچ ٹی لائن کے ساتھ اُس وقت ہوا تھا جب وہ منتری گام، بانڈی پورہ میں واقع اپنے رہائشی مکان کی تیسری منزل میں کسی دھاتی چیز کے ساتھ کھیل رہا تھا۔
درخواست گزار کے مطابق، رہائشی مکان سال 2008 میں تعمیر کیا گیا تھا اور 33000 کے وی ایچ ٹی لائن پی ڈی ڈی نے 2012 میں این ایچ پی سی کے زیر انتظام ایچ سی سی کی مدد سے کشن گنگا پاور ہاؤس کے لیے بچھائی تھی۔ درخواست گزار کے مطابق، متاثرہ کے والد سمیت گاؤں کے مکینوں کے اعتراضات کے باوجود ترسیلی لائن نصب کی گئی تھی۔