سرینگر (جموں کشمیر) : ہائی کورٹ آف جموں کشمیر اینڈ لداخ نے کشمیر کے جوان سالہ صحافی اور ’’دی کشمیر والا‘‘ پوٹل کے مدیر و بانی فہد شاہ کو ضمانت دی ہے۔ جسٹس اتل سریدھرن اور جسٹس موہن لال منہاس پر مشتمل عدالیہ عالیہ کی ڈویژن بنچ نے جمعہ کو فہد شاہ ضمانت کو منظوری دی۔ صحافی فہد شاہ کے وکیل پی این رینہ کے دفتر نے فون پر ای ٹی وی بھارت کو عدالت عالیہ کی ڈویژن پنچ کی جانب سے ضمانت دیے جانے کی تصدیق کی۔
غور طلب ہے کہ اپریل سنہ 2022 میں پولیس کی سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی نے نومبر 2011 میں ’’دی کشمیر والا‘‘ پوٹل پر ایک مضمون لکھنے پر کشمیر یونیورسٹی کے ایک اسکالر اعلیٰ فاضلی کے خلاف یو اے پی اے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ اس مقدمے میں اعلیٰ فاضلی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ مذکورہ اسکالر کو اس مضمون کے ذریعے ملک کے خلاف نفرت اور اشتعال پھیلانے کے الزام عائد کیا گیا ہے۔ بعد ازاں فہد شاہ کو بھی اسی مقدمے کے تحت گرفتار کیا گیا۔ فہد شاہ کو اسی مقدمے میں آج ضمانت ملی، وہ جموں کے کوٹ بلوال جیل میں قید ہے۔
فہد شاہ کو یو اے پی اے کے تحت گرفتار کیا گیا تھا، وہ سرینگر کے صورہ علاقے کے رہنے والے ہیں۔ دی کشمیر والا پوٹل کے مدیر ہونے کے علاوہ فہد شاہ مختلف بین الاقوامی اخبارت اور جریدوں کے لیے بھی کام کر رہے تھے۔ دو ماہ قبل دی کشمیر والا ویب سائٹ کا یو آر ایل مرکزی سرکار کے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے بلاک کیا۔ وہیں دی کشمیر والا کا راجباغ میں واقع دفتر بھی بند کیا گیا اور اس سے منسلک صحافی اور دیگر عملہ بھی نوکری سے محروم ہو گئے۔
مزید پڑھیں:نیشنل پریس ڈے اور کشمیر
یاد رہے کہ فہد شاہ کو فروری سنہ 2022 میں جموں کشمیر پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ فہد شاہ پر وادی کے ضلع پلوامہ، شوپیاں اور سرینگر کے تین پولیس اسٹیشنز میں مختلف مقدمات درج کئے گئے تھے جن کی وجہ سے وہ گرفتار کئے گئے۔ تاہم ان مقدموں میں فہد شاہ کو عدالت سے ضمانت ملی تھی۔ جبکہ ضلع مجسٹریٹ سرینگر نے مارچ سنہ 2022 میں فہد شاہ پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد (پی ایس اے) کرکے انکو گرفتار کیا تھا۔ لیکن جموں کشمیر عدالت عالیہ نے ان پر عائد پبلک سیفٹی ایکٹ کو کالعدم قرار دیکر ان کی رہائی کی ہدایت دی تھی۔