سرینگر: محکمہ موسمیات کی طرف سے برف و باراں کے دو مختصر مرحلوں کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں ٹھٹھرتی سردیوں کا راج برقرار ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں دو مغربی ہواؤں کی لہروں کے داخل ہونے کا امکان ہے جن کے نتیجے میں وادی میں 7 جنوری سے موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران 8 سے 10 جنوری کو برف باری ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد 11 سے13 جنوری تک وادی میں درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔ادھر وادی میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے۔ گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ Weather Forecast in Kashmir
وادی کے شہرت یافتہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی8.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی9.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔