سرینگر:وادی کشمیر میں گرچہ موسم خشک ہے تاہم سردیوں کا بادشاہ چلہ کلان اپنے طاقت کا بھر پور مظاہرہ کرکے جہاں لوگوں کو ٹھٹھرتی سردیوں سے دوچار کر رہا ہے وہیں آبی ذخائر کو بھی منجمد کر رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کےمطابق سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ سری نگر میں 22 دسمبر کو رواں سیزن کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام سرد ترین مقامات رہنے کے درجے پر فائز رہے ہیں۔ Cold continues in Kashmir
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جبکہ پہلگام میں بھی کم سے کم درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کم ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی13.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کا گیا جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ دریں اثنا وادی میں ہفتے کو بھی صبح سے ہی موسم خشک رہا اور ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی تاہم شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے کے نتیجے میں آبی ذخائر جزوی طور پر منجمد ہوگئے تھے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 25 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔