سرینگر (جموں و کشمیر):جموں وکشمیر میں نجی اسکولوں کے لیے فیس مقرر کرنے والی کمیٹی نے تمام نجی اسکولوں کے ذمہ داران کو ہدایت دی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر منظوری کے لیے اپنے فیس کے ڈھانچے کی تجاویز پیش کریں۔ حکم نامہ کے مطابق نجی اسکولوں کو پہلی مرتبہ جنوری 2021 میں تجویز پیش کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ تاہم بعض اسکولوں اور ایسوسی ایشنز کی درخواست کی بنا پر فائلوں کو جمع کرانے کی آخری تاریخ بڑھا دی گئی تھی۔
حکم نامے کے مطابق سپریم کورٹ نے پہلے فیصلہ صادر کیا تھا کہ تعلیمی اداروں کو اپنے مجوزہ فیس کے ڈھانچے کو تعلیمی سال سے پہلے پیش کرنا چائیے، اس کے ساتھ تمام متعلقہ دستاویز اور اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کے لیے پیش کرنا چائیے۔ کمیٹی اس کے بعد سے فیصلہ کرے گی کہ آیا مجوزہ فیس جائز ہے یا نہیں۔ اور یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ کوئی اسکول منافع خوری یا کپیٹیشن فیس وصول تو نہیں کر رہا ہے۔ ایک بار جب کمیٹی کی طرف سے فیس کا تعین ہو جاتا ہے بعد میں پھر نجی اسکول منظور شدہ فیس سے زیادہ کوئی رقم وصول نہیں کر سکتے۔