سری نگر: محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کے بعد 19 فروری سے موسم خراب ہونے کا امکان ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 19 فروری کو موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بارشیں یا ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا بعد ازاں 20 فروری کو میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے اور یہ سلسلہ 21 فروری تک جاری رہ سکتا ہے۔ دریں اثنا وادی میں خشک موسم کے بیچ پہلگام کو چھوڑ کر تمام مقامات پر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر ریکارڈ ہوا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔
مزید پڑھیں:Snow Avalanche Hits Machil مژھل میں برفانی تودا گر آیا، ایک ہلاک، تین کو بچایا گیا