سرینگر (جموں و کشمیر) :جموں کشمیر انتظامیہ کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ رواں برس شعبہ سیاحت گزشتہ برس کا ریکارڈ توڑے گا کیونکہ دو کروڑ سیاحوں کی آمد اس سال متوقع ہے۔ منوج سنہا نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ گزشتہ برس ایک لاکھ اسی ہزار سیاحوں نے جموں و کشمیر کی سیرو تفریح کی تھی تاہم اس سال یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ جائے گا۔ سرینگر کے مضافات سمپورہ میں ایک نجی ہسپتال و کالج کی سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منوج سنہا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس سرکار کی خاص بات یہ ہے کہ یہ اپنے ہی ریکارڈ توڑ رہی ہے۔‘‘
منوج سنہا نے کہا کہ ہر سال سرکار نیا ریکارڈ درج کر رہی ہے اور اس سال دو کروڑ سیاحوں کا آنا متوقع ہے جو ایک ریکارڈ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کشمیر میں تین سو فلموں کی شوٹنگ ہوئی اور اس سال اس سے زائد فلموں کی شوٹنگ ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ آج بالی ووڈ کے مشہور اداکار شاہ رخ خان جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں پنزگام گاؤں میں ریل لائن کے قریب اپنی نئی فلم ’ڈنکی‘ کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے گزشتہ ہفتے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ٹنگمرگ علاقے میں فلم کی شوٹنگ کی تھی۔
شعبہ طب کے متعلق منوج سنہا نے کہا کہ جموں کشمیر میں سرکار سطح کے کئی ہسپتال اور میڈیکل کالجز ہیں لیکن آج انہوں نے ملی ٹرسٹ کی جانب سے سمپورہ میں ایک نجی ہسپتال اور میڈیکل کالج کی سنگ بنیاد رکھی۔ سنہا نے کہا کہ ایک ہزار بیڈ ہسپتال پر مشتمل یہ ایک نجی ہسپتال ہوگا اور 150 طلباء کو یہاں ایم بی بی ایس کرنے کے لئے سیٹیں دستیاب ہوں گی۔ واضح رہے کہ منوج سنہا نے دو ماہ قبل سمپورہ کے اسی مقام پر خلیجی کمپنی امار گروپ کے شاپنگ کمپلیکس کی سنگ بنیاد رکھی تھی۔