سرینگر: وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جیتندر سنگھ کا کہنا ہے کہ سرینگر میں جی ٹوئنٹی اجلاس منعقد کرنے کی اہمیت یہ ہے کہ یہ شہر روایتی ورثے اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ جدید انفراسٹرکچر کا ایک عجیب امتزاج ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے چیلنجز، خدشات اور معیارات عالمی نوعیت کے ہیں اور ہماری ترقی بھی عالمی ہونی چاہیے۔موصوف مرکزی وزیر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میں منعقد ہو رہے جی ٹوئنٹی اجلاس سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'جہاں تک معیشت، موحولیات اور سماج کے تئیں ذمہ داری کا تعلق ہے تو بھارت عالمی سطح پر اپنی ذمہ داری کو شیئر کرنے کے لئے تیار ہے'۔ 'آج جب ہم یہاں سرینگر کے خوبصورت مقام پر مل رہے ہیں تو ہمارے اندر یہ گہرا احساس ہے کہ ہم سب گلوب کا ایک حصہ ہیں بھارت کے چیلنجز، خدشات اور معیارات عالمی نوعیت کے ہیں اور ہماری ترقی بھی عالمی ہونی چاہئے'۔انہوں نے کہا کہ یہ وجہ ہے کہ ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی موحولیاتی چلینجز کے تئیں متفکر ہیں۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ سرینگر میں جی ٹوئنٹی اجلاس منعقد ہونے کی اہمیت یہ ہے کہ یہ شہر روایتی ورثے اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ جدید انفراسٹرکچر کا ایک عجیب امتزاج ہے۔کشمیر فارسی کے ساتھ ساتھ سنسکرت کے علم و ادب کا ایک قدیم گہوارہ ہے اور یہاں قالین بافی سے لے کر شال بافی تک مختلف النوع کاریگری موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ہمارے پاس اپ گریڈ شدہ جدید انفراسٹرکچر پروجیکٹس ہیں۔