کانگریس پارٹی نے جمعے کے روز جموں وکشمیر میں بھی ایندھن اور اشیائے خوردنی کی مہنگائی کے خلاف علامتی احتجاج درج کیا۔
بتادیں کہ پارٹی نے جمعہ کے روز ایندھن اور اشیائے خوردنی کی مہنگائی کے خلاف ملک گیر علامتی احتجاج درج کرنے کا اعلان کیا تھا۔
جموں میں علامتی احتجاج درج کرنے کے موقع پر جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پٹرول کی قیمت چالیس روپیے فی لیٹر ہونی چاہئے تھی جو آج سو روپیے فی لیٹر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف پارٹی ملک گیر علامتی احتجاج درج کررہی ہے تاکہ مودی سرکار جاگ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف لوگ کورونا وبا سے پریشان ہیں تو دوسری طرف مہنگائی نے ان کا جینا حرام کر دیا ہے۔
موصوف صدر نے کہا کہ ملک کے غریبوں سے پیسہ لوٹا جا رہا ہے لیکن ملک میں نہ ہسپتال بنائے جا رہے ہیں اور نہ ہی لوگوں کو آکسیجن اور ویکسین فراہم کئے جار ہے ہیں۔