جموں و کشمیر انتظامیہ یونین ٹریٹری میں فلمیں بنانے کی گذشتہ روایت کی بحالی اور شعبہ سیاحت کے مزید فروغ کے لیے عنقریب 'فلم پالیسی' کا اعلان کر رہی ہے۔
اس اعلان کے پیش نظر تقریباً 18 سو مقامی اداکاروں نے حکومت جموں و کشمیر کے آفیشل پورٹل پر رجسٹریشن کیا ہے۔
ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ 'فلم پالیسی کا مسودہ لگ بھگ تیار ہے تاہم حکومت نے بالی ووڈ کے بعض سینئر فلم سازوں کی تجاویز کو بھی اس میں شامل کرنے کا فیصلہ لیا ہے جن سے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا مل چکے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ پالیسی کے تحت مقامی اداکاروں کو اپنی صلاحتیوں کے مظاہرے کا موقع ملے گا۔
موصوف نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دستیاب مقامی اداکاروں کا ڈاٹا تیار کیا گیا ہے جس کو سرکاری ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جائے گا تاکہ فلم ساز مقامی سطح پر دستیاب سہولیات کو استعمال کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ پالیسی میں مقامی اداکاروں کی صلاحیتوں کو نکھارنے پر زور دیا گیا ہے تاکہ انہیں روز گار مل سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقامی اداکاروں کو 10 جولائی تک آفیشل پورٹل پر رجسٹریشن کرنے کو کہا گیا تھا اور خوشی کی بات ہے کہ تقریباً 18 سو اداکاروں نے رجسٹریشن کیا ہے۔