جموں و کشمیر پنچایتی راج ممبران نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ یونین ٹیریٹری میں چونکہ کووڈ کیسز کی تعداد میں کمی واقع ہو رہی ہے اور معمول کی زندگی بحال ہو چکی ہے لہذا تعلیمی اداروں میں درس و تدریس کا سلسلہ شروع کیا جانا چاہئے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے جموں وکشمیر پنچایتی راج موومنٹ کے چیئرمین غلام حسن پنزو نے بتایا کہ ’’سرکار نے تجارتی سرگرمیوں سمیت دیگر روزمرہ کی سرگرمیوں کو بحال کرنے کی اجازت دی ہے تاہم تعلیمی ادارے بند رکھنا سمجھ سے پرے ہے۔‘‘
انہوں نے انتظامیہ سے آزمائشی طور نویں جماعت سے اوپر کے طلباء کے لیے تعلیمی ادارے کھولے جانے کی سفارش کی تاکہ ’’بچوں کا مستقبل محفوظ رہے۔‘‘
یاد رہے کہ انتظامیہ نے اتوار کو تمام تعلیمی ادارے اگلے احکامات تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ایل جی انتظامیہ کے مطابق کورونا وائرس کی صورتحال یونین ٹیریٹری میں بہتر ہو رہی ہے جس کی وجہ سے بازاروں، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر روز مرہ کی سرگرمیوں پر سے پابندی ہٹا دی گئی ہے، صرف تعلیمی ادارے مارچ سے بند ہیں۔