پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ حکومت ہند کی کشمیریوں کے متعلق انتقام گیری کی حد یہ ہے کہ اب سرکاری ملازمین کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت ہند کورونا کی روک تھام کو ممکن بنانے میں ناکام ہوئی ہے۔
محبوبہ مفتی نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کیا ہے۔
ان کا ٹویٹ میں کہنا تھا: 'حکومت ہند کورونا کو روکنے میں ناکام ہوئی ہے جس کی وجہ سے بھارت سانس لینے کے لئے ہانپتا ہے، ان کا کشمیریوں کے متعلق دماغی خلل اس حد تک گر گیا ہے کہ سرکاری ملازموں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نگرانی رکھی جا رہی ہے جس انتقام گیری کے ساتھ جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کو ختم کیا گیا اس کا کوئی خاتمہ نظر نہیں آ رہا ہے'۔
بتا دیں کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے دو روز قبل مبینہ طور پر 'ملک مخالف' سرگرمیوں میں ملوث سرکاری ملازموں کی تفتیش کے لئے ایک خصوصی ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس ٹاسک فورس کی قیادت پولیس کے اعلیٰ افسر کریں گے۔