وادی کشمیر میں ہفتہ کے روز رک رک کر بارش ہوئی جس کی وجہ سے دیہی علاقوں میں دھان کی پنیری لگانے کا کام متاثر ہوا۔ بارشوں سے موسم قدرے سرد ہونے سے لوگوں کو کام کے دوران گرم کپڑے پہنے ہوئے دیکھا گیا۔
اس دوران محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں گرج چمک، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کی وارننگ میں مزید چار دنوں کی پیش گوئی کی ہے تاہم لداخ یونین ٹریٹری میں موسم عام طور پر خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں جموں و کشمیر میں تین جون تک گرج چمک اور ژالہ باری کے ساتھ موسلا دھار بارشیں ہونے کی امید ہے۔
محکمہ کے ترجمان نے بتایا کہ سری نگر میں گزشتہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت 11.2 ڈگری سیلسیش ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام کا کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 6.5 ڈگری سیلسیش اور 5.8 ڈگری سیلسیش ریکارڈ ہوا ہے۔