سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی نے سول و پولیس انتظامیہ کو ایک مکتوب بھیجا ہے جس میں انہوں نے 'مفتی خانوادن' کوسات جنوری سنہ 2020 کو پی ڈی پی کے بانی و سابق وزیراعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کی چوتھی برسی کے موقع پر جنوبی کشمیر کے قصبہ بجبہاڑہ میں واقع مرحوم مفتی سعید کے مزار دارا شکوہ پارک (پادشاہی باغ) جانے کی اجازت طلب کی ہے۔
پی ڈی پی ذرائع نے بتایا کہ التجا مفتی نے جمعہ کے روز ایس ایس جی کے ڈائریکٹر جنرل منیر احمد خان اور ضلع مجسٹریٹ سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کو ایک مکتوب بھیجا اور سات جنوری کو اپنے نانا مرحوم مفتی محمد سعید کی چوتھی برسی کے موقع پر مفتی خانوادے کے اراکین کو بجبہاڑہ میں واقع دارا شکوہ پارک جانے کی اجازت مانگی۔
انہوں نے کہا: 'چونکہ پارٹی صدر محبوبہ مفتی سمیت تمام اعلیٰ قائدین ہنوز نظر بند ہیں اس کے پیش نظر مرحوم مفتی صاحب کی برسی کے موقع پر کوئی بڑی تقریب یا بڑا جلسہ منعقد نہیں ہوگا'۔
ذرائع نے مکتوب کا متن بھی پڑھ کر سنایا جس میں التجا مفتی نے لکھا ہے: 'جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ سات جنوری کو میرے محبوب نانا مفتی محمد سعید کی چوتھی برسی ہے۔ ہماری فیملی اس دن بجبہاڑہ میں واقع ان کے مرقد پر حاضری دینا چاہتی ہے۔ میری آپ سے گزارش ہے کہ ہمیں وہاں اس دن جانے دیا جائے'۔
انہوں نے لکھا ہے: 'جب میں نے جمعرات کو بجبہاڑہ جانے کی کوشش کی تو مجھے وہاں جانے نہیں دیا گیا اور اپنے گھر پر ہی نظر بند رکھا گیا۔ اگر حکومت کہتی ہے کہ کشمیر میں صورتحال نارمل ہے تو ہمیں سات جنوری کو بجبہاڑہ جانے سے روکنے کی کوئی وجہ بھی نہیں ہے'۔