اردو

urdu

ETV Bharat / state

کشمیری کاریگر کی ارتغرل غازی سیریل نے زندگی بدل دی

شبیر ملک کے ہاتھوں سے بنائی گئی اینگن التان کی تصویر کو ان کی بیٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر شیئر کی۔ جس کے بعد ان کی زندگی نے ایک نیا موڑ لے لیا ہے۔

By

Published : Jan 17, 2021, 3:33 PM IST

کشمیری کاریگر ارتغرل غازی کا شکرگزار کیوں؟
کشمیری کاریگر ارتغرل غازی کا شکرگزار کیوں؟

شہر سرینگر کے رہنے والے 52برس کے شبیر احمد ملک اس وقت اپنی مقبولیت کے عروج پر ہیں۔ وجہ ترکی کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل کے اداکار اینگن التان دوزیاتان کی تصویر۔ اینگن نے ڈرامہ سیریئل دریلیس ارطغرل میں ارطغرل غازی کا کردارادا کیا ہے۔

ویسے تو شبیر احمد ملک گزشتہ چالیس برسوں سے پیپر ماشی کا کام کر رہے ہیں اور مسلسل اپنے فن میں جدیدیت لا رہے ہیں۔ تاہم دیگر فنکار اور دستکاروں کی طرح وہ بھی کم آمدنی کی وجہ سے مایوس رہتے تھے۔ عالم کچھ ایسا تھا کہ سنہ 2018 میں سرینگر کے حبہ کدل علاقے میں واقع ان کا آبائی گھر نذر آتش ہو گیا۔ اس آگ میں نہ صرف ان کی زندگی کی کمائی ہوئی تمام پونجی خاک ہوگئی بلکہ نایاب دستکاری کے نمونے بھی نہیں بچے۔

کشمیری کاریگر ارتغرل غازی کا شکرگزار کیوں؟

ملک کا کہنا ہے 'میری بیٹی کی شادی کا سامان اور میرا گھر جل کر راکھ ہو گیا۔ میرے والد کی بنائی ہوئی پورٹریٹس اور دیگر بیش قیمتی نمونے برباد ہوگئے۔ بس کچھ ہی ان میں سے میں محفوظ کر پایا ہوں۔ رشتہ داروں نے اور دوستوں نے مدد کی جس کے بعد سرینگر کے بمنہ علاقے میں ٹین کا ایک بسیرا بنایا جہاں میں گزشتہ دو برسوں سے رہ رہا ہوں'۔

شبیر ملک کے ہاتھوں سے بنائی گئی اینگن التان کی تصویر کو ان کی بیٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر شیئر کی۔ جس کے بعد ان کی زندگی نے ایک نیا موڑ لے لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں میرے والد اور میں انگریزوں کی فرمائش پر لاسٹ سَپر، شکارگاہ اور دیگر خطاطی کر چکے ہیں۔ وادی کی صورتحال اور انتظامیہ کی جانب سے دستکاروں کی طرف سوتیلی ماں کے سلوک کی وجہ سے ہمارا کام کافی متاثر ہو گیا تھا۔

پھر ایک دن میری بیٹی نے میرے ہاتھ سے بنائی ہوئی تصویر سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر شائع کی۔ جس کے بعد میری زندگی میں ایک نیا موڑ آیا۔ اب میرے پاس کافی کام میسر ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ 'میں صرف روایتی طور پر پیپر ماشی نہیں کرتا بلکی خطاطی کرتا ہوں اور دیواروں پر نقاشی کرتا ہوں۔

ملک کی بیٹی ثانیہ شبیر ملک نے والد کی فنکاری کو دنیا بھر تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا اور آج کشمیر سمیت دنیا بھر میں والد کی بنائی ہوئی تصویر کو مقبولیت حاصل ہورہی ہے۔

وہ چاہتی ہیں کہ ایک دن اینگن التان بھی اس تصویر کو دیکھیں اور اس پر اپنا تبصرہ کریں۔

ان کا کہنا ہے 'میرے والد نے ارطغرل غازی کی تصویر میرے چھوٹے بھائی کی گذارش پر بنائی۔ ایک دن اس تصویر کو دیکھ کر مجھے لگا کہ اگر یہ تصویر میں سوشل میڈیا پر شائع کرتی ہوں تو شاید میرے والد کے کام کو ایک نئی پہچان ملے گی۔ میں نے وہی کیا اور آج خدا کا شکر ہے کہ ہر طرف سے تعریف ہو رہی ہے'۔

یہ بھی پڑھیے
سمیرہ فاضلی کون ہیں؟

ان کا مزید کہنا ہے 'میرے دو بھائی بھی ہمارے خاندانی پیشے سے وابستہ ہیں اور والد کے ساتھ ہی کام کرتے ہیں۔ میرے والد کا بس اتنا سا خواب ہے کہ اداکار اینگن الطان اپنی اس تصویر کو دیکھیں۔

شبیر ملک وادی کی تہذیب و تمدن کو ایک نئی پہچان دینا چاہتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ کشمیر کی مشہور و معروف شخصیات کی تصویر بنائیں، اور اس کام میں انتظامیہ ان کا ساتھ دے۔

وادی کشمیر میں پیپر ماشی کی صنعت زوال پزیر ہوتی نظر آرہی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ اس اہم ترین فن کو زندہ رکھنے اور اس کی منفرد شناخت کو برقرار رکھنے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details