سرینگر: ضلع مجسٹریٹ سرینگر محمد اعجاز اسد نے کہا ہے کہ سرینگر کے جھیل ڈل میں ہفتے کی صبح ہاؤس بوٹوں میں لگی آگ کے دوران ان میں قیام پذیر سیاحوں کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کو معاوضہ دیا جائے گا اور سردی کے پیش نظر ان کو ضروری سامان فراہم کیا جائے گا۔
بتادیں کہ جھیل ڈل میں گھاٹ نمبر 9 کے نزدیک ہفتے کی علی الصبح ایک ہاؤس بوٹ میں آگ کی ایک واردات میں قریب نصف درجن ہاؤس بوٹ خاکستر ہوئیں۔
ضلع مجسٹریٹ سرینگر نے جائے واردات کا دورہ کرنے کے دوران نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ان ہاؤس بوٹوں میں جو سیاح قیام پذیر تھے اور جو باقی رہائشی ہیں، ان کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 'اس واردات میں 5 ہاؤس بوٹ خاکستر ہوئے اور ان کے متصل رہائشی ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچا ہے'۔