سرینگر: صحت وطبی تعلیم نے ان ڈاکٹروں کے خلاف سنجیدہ نوٹس لیا ہے جو کہ گزشتہ چند برسوں سے بغیر کسی سرکاری اجازت نامے کے اعلی تعلیم حاصل کرنے کے لیے چھٹی پر گئے ہیں۔ ایسے میں ڈاکٹروں کو بنا کسی اجازت ڈیوٹی پر واپس آنے کی اجازت دینے پر روک لگا دی گئی ہے۔ محکمہ صحت و طبی تعلیم نے تمام متعلقہ محکمہ جات کے سربراہاں سے کہا ہے کہ 2 سے 3 برس سے غیر قانونی طور ڈیوٹیوں سے غیر حاضر ڈاکٹروں کو واپس ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں کیونکہ یہ سربراہان کے حد اختیار سے باہر ہے۔
اس سلسلے میں سبھی شعبہ جات کے سربراہان کو ہداہت دی گئی ہے کہ وضع کردہ قواعد وضوابط پر عمل کریں۔ سربراہان سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ بغیر کسی اجازت یا غیر قانونی طور ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹروں کو از خود ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی اجازت نہ دیں بلکہ پہلے انتظامی محکمہ سے اجازت طلب کریں۔ حکم نامے میں سربراہان سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ ان ڈاکٹروں کے کیس نظرثانی کرنے اور حاضر ہونے کی اجازت دینے سے متعلق ایک ہفتہ پہلے جائزے کے لیے ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ کو بھیجیں۔