سرینگر:جموں وکشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکرٹری اور سابق وزیر غلام نبی ہانجورہ نے انتظامیہ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کا سرکاری ملازموں کے اپنے مطالبات کے لئے آواز اٹھانے پر پابندی عائد کرنے سے یہ لگتا ہے کہ انتظامیہ اپنی خامیوں کے ظاہر ہونے سے خائف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملازموں کو اپنے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور انہیں جی پی فنڈ نکالنے کے لیے کئی مہینوں تک انتظار کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ سرکار کی جانب سے ملازمین کو اپنے مطالبات منوانے کی خاطر احتجاج پر پابندی عائد کرنا حکومت کی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی موجودہ حکومت ملازمین سے کافی خوفزدہ ہے۔
پی ڈی پی جنرل سیکریٹری ہانجورہ نے کہا کہ موجودہ سرکار ملازمین کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق ملازمین کی تنخواہیں تاخیر سے واگزار کی جارہی ہیں اور ایسا کھبی بھی نہیں ہوا۔غلام نبی ہانجورہ نے مزید بتایا کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ڈیلی ویجر مستقلی کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملازمین کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان کی آواز کو دبانے پر تلی ہوئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیلی ویجروں کو کم از کم اجرت کے مطابق تنخواہوں کی ادائیگی ہونی چاہئے تھی، لیکن ایسا نہیں کیا جارہا ہے جو یومیہ اجرت پرکام کرنے والے ملازمین کے ساتھ بہت بڑی نا انصافی ہے۔