سرینگر (جموں و کشمیر):سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت میں جمعرات کو ایک اہم پیش رفت میں 1990 کے ’آئی اے ایف‘ کیس کے ایک عینی شاہد، راجور اومیشور سنگھ نے علیحدگی پسندی تنظیم جے کے ایل ایف کے سربراہ محمد یاسین ملک کو 1990 میں سرینگر میں انڈین ایئر فورس (آئی اے ایف) کے اہلکاروں پر فائرنگ کے لیے ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان کے خلاف عدالت میں گواہی دی۔ اومیشور سنگھ آئی اے ایف کے سابق اہلکار ہے۔
یاد رہے کہ انڈین ایئر فورس اہلکاروں پر یہ حملہ 25 جنوری 1990 کو سرینگر کے مضافات راولپورہ میں ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک سکواڈرن لیڈر سمیت چار آئی اے ایف اہلکار ہلاک اور 22 دیگر زخمی ہوئے تھے۔ محمد یاسین ملک، جو کئی برسوں سے دہلی کے تہاڑ جیل میں قید ہیں، کو شناخت کے عمل کے لیے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا۔ راجوار اومیشور سنگھ کی گواہی کو اس کیس میں ایک اہم پیشرفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔