سرینگر: جموں کشمیر بالخصوص وادی میں موسم سرما کے ایام مکمل خشک چل رہے ہیں جس سے یہاں کے آبی ذخائر، جنگلات، صحت و شعبہ سیاحت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ رواں سرما میں اب تک برفباری ہوئی نہ بارشیں، جس سے وادی کے آبی ذخائر بھی سوکھتے جا رہے ہیں۔ جہاں عام لوگ قدرت پے امید لگائے ہوئے ہیں وہیں ماحولیات سے جڑے افراد کا یہ ماننا ہے ’’کشمیر کلایئمیٹ چینج کی زد میں آیا ہوا ہے‘‘ لیکن ستم ظریفی کہ جموں کشمیر میں کوئی کلایئمیٹ پالیسی مرتب نہیں کی جا رہی ہے جس کو عملاکر کلایئمیٹ چینج کے منفی اثرات کو کم کیا جا سکے۔
ای ٹی وی بھارت نے اس پس منظر میں جموں کشمیر میں ماحولیات پر سرگرم وکیل ندیم قادری سے بات کی۔ ندیم قادری، جموں کشمیر عدالت عظمیٰ میں ماحولیات پر امائکس کیوری (Amicus Curie) بھی ہے۔ ندیم قادری نے بتایا کہ جموں کشمیر انتظامیہ کو فوراً کلایئمیٹ پالیسی کی اشد ضرورت ہے، لیکن انتظامیہ ابھی تک بیدار نہیں ہو رہی ہے۔