سرینگر:جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ آر آر سوین کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں عسکریت پسندی زوال پذیر ہے لیکن مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے پولیس اہلکاروں سے قیام امن کے لیے کام کرنے کی تاکید کی، تاکہ انتخابات میں امیدوار اور ووٹر کسی قسم کا کوئی خوف محسوس نہ کر سکیں۔
پولیس سربراہ آر آر سوین نے اپنے پانچ صفحات کے پیغام میں کہا کہ:”جموں وکشمیر میں پر امن ماحول کو یقینی بنانے کی خاطر ہمیں پوری طرح سے تیار رہنے کی ضرورت ہیں ۔“
انہوں نے کہا کہ ایک ایسا ماحول جہاں پر عام لوگ (مرد و زن ) انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لئے اپنے آپ کو آزاد محسوس کرسکیں ۔ان کے مطابق پر امن ماحول سے ہی سرمایہ کاری اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کی راہیں متعین ہو سکتی ہیں۔
پولیس سربراہ نے کہا کہ پیش رفت ہونے کے باوجود ابھی بھی ہمیں بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں عسکریت پسندی زوال پذیر ہے لیکن مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی ۔
اپنے پیغام میں پولیس سربراہ نے کہا کہ امن دشمن عناصر مسلسل حالات کو درہم برہم کرنے کی خاطر مختلف حربے آزما رہے ہیں، ہمیں اس طرح کے کسی بھی اقدام کو شکست دینی ہوگی، تاکہ ایسے عناصر کے منصوبوں کو پوری طرح سے ناکام بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے امن و استحکام اور کیمونٹی کے تحفظ کے لئے خطرہ بننے والی کسی بھی سرگرمی یا شخص کے خلاف صفر رواداری کا مظاہرہ کرنا اب ناگزیر بن گیا ہے ۔ ہمیں اپنے امن پسند شہریوں کے لئے حقیقی ہمدری کا اظہار کرنا ہوگا۔
آر آر سوین نے کہا :”سال 2023میں ہمیں دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کو ختم کرنے کا چیلنج تھا لیکن سال 2024میں ہمیں دہشت گردی کی کسی بھی شکل اور اس کی جڑوں کو پوری طرح سے ختم کرنا ہے تاکہ ملیٹینسی کو دوبارہ پنپنے کا موقع فراہم نہ ہو سکے۔ “