متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ضلع سرینگر اور ضلع بڈگام کے بعض اسکولوں میں عملے میں سے کچھ ملازموں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ متعلقہ حکام کے اعلان کے مطابق وادی میں جماعت اول سے آٹھویں تک کے طلبا کے لیے 8 مارچ سے اسکول کھلنے والے تھے جبکہ جماعت نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلبا کے لیے اسکول یکم مارچ سے کھلے ہیں۔
ناظم تعلیم محمد یونس ملک نے بتایا کہ ضلع سری نگر اور ضلع بڈگام کے بعض اسکولوں میں عملے میں سے کچھ ملازموں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے پیش نظر اسکولوں کو جماعت اول سے آٹھویں کے بجائے چھٹی جماعت سے آٹھویں جماعت تک کے طلبا کے لئے کھولنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس فیصلے سے کلاس رومس میں طلبا کے درمیان سماجی دوری کو یقینی بنایا جا سکتا ہے اور اس مہلک وبا کو طلبا میں پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسکولوں کے سربراہوں سے اسکولوں میں کورونا گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی تاکید کی گئی ہے۔
بتادیں کہ وادی کشمیر میں تعلیمی ادارے قریب ایک سال بعد کھلنے لگے ہیں۔ سکولوں کو سال گذشتہ ماہ مارچ میں ہی کورونا لاک ڈاؤن کے پیش نظر بند کر دیا گیا تھا۔
تاہم لوگوں کا کہنا ہے کہ وادی میں تعلیمی ادارے ایک نہیں بلکہ دو برسوں کے بعد کھل رہے ہیں کیونکہ پانچ اگست 2019 کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے باعث وادی کشمیر میں دیگر سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تعلیمی سرگرمیاں بھی معطل ہو کر رہ گئی تھی۔