سرینگر: خراب موسمی حالات کے بعد محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے ایک ہفتے کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ وادی میں اگلے ایک ہفتے کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران دن کے درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوسکتی ہے تاہم شبانہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ متوقع ہے۔ Weather Forecast in Kashmir
ادھر وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے1.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع لیہہ میں منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ سائبیریا کے بعد دنیا کے دوسرے سرد ترین مقام قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔