سرینگر:جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے منگل کی شام کو سرینگر میں سکیورٹی صورتحال اور یوم جمہوریہ کے حوالے سے کیے جارہے انتظامات کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔انہوں نے ملی ٹینسی کے ایکو سسٹم کو ختم کرنے کی خاطر چلائے جارہے آپریشنز میں مزید وسعت لانے کی ہدایت دی۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پولیس چیف دلباغ سنگھ نے پی سی آر سرینگر میں وادی کشمیر کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ میٹنگ میں اے ڈی جی پی وجے کمار، ڈی آئی جی سینٹرل سجیت کمار ، ایس ایس پی سرینگر راکیش بلوال ، ایس ایس پی پی سی آر زبیر احمد خان، ایس پی آپریشنز سرینگر ، ڈی آئی جی نارتھ کشمیر وویک گھپتا، ڈی آئی جی جنوبی کشمیر رائیس بٹ کے علاوہ دیگر سینیئر آفیسران نے شرکت کی۔
پولیس سربراہ نے میٹنگ کے دوران آفیسران پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ہیومن انٹیلی جنس کو مزید مضبوط بنائے۔ انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندی کے ایکو سسٹم کو ختم کرنے کی خاطر چلائے جارہے آپریشنز کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں ار اس میں مزید وسعت لانے کی ضرورت ہے۔
پولیس سربراہ نے میٹنگ کے دوران بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ ملکر سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشنز چلا رہی ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔اُن کے مطابق عسکریت پسند کی معاونت کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانا اب ناگزیر بن گیا ہے۔
پولیس سربراہ نے یو اے پی اے اور این ڈی پی ایس کیسوں کو جلداز جلد نپٹانے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ قریبی تال میل بنائے رکھنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے۔