سرینگر (جموں و کشمیر):جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر میں بدھ کو ایک اور چونکانے اور دل دہلانے والا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک والد نے، مبینہ طور، اپنے ہی فرزند کو قتل کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے جہاں اپنے ہی فرزند کا قتل کرنے کی کوشش کرنے کے الزام میں ایک والد کو گرفتار کیا ہے وہیں اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے۔
سرینگر پولیس نے اس حوالے سے بدھ کو جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ’’محمود احمد وانی ولد نذیر احمد وانی ساکنہ سونہ وار، سرینگر کو اپنے ہی بیٹے کو قتل کرنے کی کوشش کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیاہے۔‘‘ پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ’’والد اور فرزند کے درمیان کسی بات کو لیکر جھگڑا ہونے کے بعد والد نے فرزند کو چھرا گھونپ کر اسے زخمی کر دیا۔ زخمی فرزند کو علاج و معالجہ کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔‘‘