گزشتہ چند ماہ سے روزمرہ کے معمولات بحال ہونے کے ساتھ ہی وادی کشمیر میں دھمی رفتار سے ہی سہی تجارتی سرگرمیاں بھی شروع ہوگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کشمیر کے دستکاروں کو براہ راست بازاری سہولت فراہم کرنے کے لیے محکمہ ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم نے کشمیر ہارٹ میں ایک میلے کا انعقاد عمل میں لایا ہے۔ جس میں ہاتھ سے بنائے گئے مختلف مصنوعات کے 50 سے زائد الگ الگ اسٹال لگائے گئے ہیں۔ یہ اسٹال محکمہ کی جانب سے بنا کسی کرایہ کے دستکاروں کو فراہم کئے گئے ہیں۔
ووکل فار لوکل مہم کے تحت جن دستکاری مصنوعات کو یہاں نمائش کے لیے رکھا گیا ان میں پشمینہ، کنی شال، ریشم کے قالین، پیپر ماشی، تانبے کی مختلف چیزیں، آری اور سوزنی کے علاوہ دیگر قسم کی مصنوعات شامل ہیں۔
وہیں اس میلے میں موسم سرما میں استعمال کیے جانے والے اون سے تیار شدہ کوٹ، جاکٹ اور مختلف ڈیزائن کے تیار کردہ ملبوسات کے اسٹالز لگائے گئے ہیں ۔
اسٹال مالکان کا کہنا ہے کہ انہیں اس نمائش سے آمدنی کی بہتر امید تھی لیکن کورونا وائرس کے باعث لوگ ابھی بھی گھروں سے نکلنے میں خوف محسوس کررہے ہیں۔ جس کے نتیجے میں لوگ اس طرف کا رخ کم ہی کر رہے ہیں۔