کشمیر کے ایوان صحافت کی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق " جموں و کشمیر انتظامیہ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ایوان صحافت کو رواں ماہ کی 31 تاریخ تک بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
انہوں نے اپنے اراکین سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے ساتھ تعاون کریں اور اس دوران ایوان صحافت میں آنے سے پرہیز کریں۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز سرینگر انتظامیہ نے شہر کے تمام باغات اور پارکوں کو کورونا وائرس کی وجہ سے بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
کشمیر کا ایوان صحافت بھی بند رہے گا سرینگر کے ڈپٹی کمشنر شاہد اقبال چودھری نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ 'سرینگر کے تمام باغات اگلے حکمنامے تک بند رہیں گے۔ کورونا وائرس کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اٹھائی گئی ہیں اور اس کے لیے عوام کا تعاون بھی ضروری ہے'۔
اس سے قبل جموں و کشمیر کے تمام تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند کردیے گئے ہیں اور آج سرینگر کے تمام رستوران، جم، پریس کلب، ورکشاپس، ہاسٹلز، کینٹین اور دیگر اجتماعی مقامات کو کرونا وائرس کے پیش نظر بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔