کورونا وائرس کے خوف کے پیش نظر کشمیر یونیورسٹی کے حکام نے تمام انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ امتحانات 31 مارچ تک ملتوی کر دیئے ہیں۔
کشمیر میں تمام امتحانات ملتوی ایک عہدیدار نے بتایا کہ تمام زیر التواء امتحانات کی تازہ ترین تاریخوں کے لیے الگ نوٹفکیشن جای کر دی جائے گی۔
سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر نے بھی تمام امتحانات ملتوی کردیئے ہیں۔ جمعرات سے اگلے احکامات تک کوئی امتحان نہیں ہوگا۔
جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے نجی دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کو بھی 31 مارچ تک کے لیے ملتوی کردیا ہے۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ تمام امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ سرینگر کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ اور لوگوں کی اسمبلی کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کے بعد لیا گیا ہے۔
اس سے قبل وزارت برائے فروغ انسانی وسائل نے سی بی ایس ای اور ملک کے تمام تعلیمی اداروں کو کورونا وائرس پھیلنے کے پیش نظر 31 مارچ تک امتحانات ملتوی کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔
واضح رہے کہ مہلک کورونا وائرس نے کشمیر میں دستک دی ہے۔ بدھ کے روز کورونا وائرس کا پہلا مثبت کیس سامنے آگیا۔ متاثرہ شخص کا تعلق سرینگر کے خانیار سے ہے جو 16 مارچ کو غیر ملکی سفر سے واپس لوٹا تھا۔
حکومتی ترجمان نے وادی میں کورونا وائرس کے پہلے مثبت کیس کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: 'خانیار سری نگر سے تعلق رکھنے والے شہری کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ وہ 16 مارچ 2020 کو غیر ملکی سفر سے واپس لوٹا تھا۔
متاثرہ شخص کو الگ وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ علاقہ کی نگرانی شروع کی گئی ہے۔ سبھی کا تعاون چاہتے ہیں۔ اگر کسی شہری میں کورونا وائرس کی کوئی علامت ہے تو وہ از خود ہسپتال سے رجوع کرے'۔
دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے جمعرات سے سرینگر میں پبلک ٹرانسپورٹ اور لوگوں کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے.
خطہ جموں میں ابھی تک 3 کیسز مثبت آئے ہیں، جبکہ لداخ میں 8 کیسز مثبت ہیں۔