سرینگر:وادیٔ کشمیر میں گرچہ موسم خشک ہے تاہم شہنشاہ زمستان چلہ اپنی طاقت کا بھر پور مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف لوگوں کو ٹھٹھرتی سردیوں سے دو چار کر رہا ہے بلکہ آبی ذخائر کو بھی منجمد کر رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں رواں سیزن کی اب تک کی ایک اور سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی ہے جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ قبل ازیں سری نگر میں 21 دسمبر کو سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارد کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ Cold wave continues in Kashmir
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی14.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 25 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔