سرینگر:امسال بارش اور برفباری کم ہونے کی وجہ سے موسم گرما کا آغاز قبل از وقت ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور اس دوران درجہ حرارت بھی معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ ان باتوں کا اظہار محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر اور لداخ میں درجہ حرارت قبل از وقت بڑھ رہا ہے اور معمول سے 5 ڈگری سیلسیس تک زیادہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ امسال موسم سرما کے دوران مغربی خلل رونما نہیں ہوئی، آسمان صاف رہنے اور خشک موسم سے جموں وکشمیر اور لداخ میں درجہ حرارت میں غیرمعمول تبدیلی درج کی جارہی ہے۔ ایسے میں انہوں نے آئندہ چند دنوں میں گرمی میں غیرمعمولی اضافے کے امکان کو ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 13 اور 14 مارچ کو ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارش متوقع ہے، تاہم اس کے بعد مارچ کے مہینے میں کسی بھی بھاری بارش کا کوئی بھی امکان نہیں ہے۔سونم لوٹس نے مزید کہا کہ امسال جموں وکشمیر میں رواں برس آبپاشی کی پانی کی قلت پیدا ہوسکتی ہے کیونکہ گذشتہ دو ماہ کے دوران بارش کی کمی واقع ہوئی ہے۔ دریں اثناہ محکمہ موسمیات کے ماہر فیضان عارف نے کہا کہ سال 2019- 2020 کے موسم سرما کے دوران جموں وکشمیر میں ماہ دسمبر میں 58.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ ماہ جنوری میں 87.3 ملی میٹر اور ماہ فروری میں 35.3 مل میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔