جموں و کشمیر پولیس کے کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) انسپکٹر پرویز احمد ڈار کو نامعلوم عسکریت پسندوں نے سرینگر کے مضافاتی علاقے نوگام میں گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
پولیس کے مطابق پرویز ڈار پارمپورہ تھانے میں تعینات تھے۔ 22 جون کی شام اپنے گھر کے نزدیک نماز ادا کر کے واپس آ رہے تھے تب ہی نامعلوم عسکریت پسندوں نے ان پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید طور پر زخمی ہوئے۔ زخمی حالت میں انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں سے جانبر نہ ہو سکے اور راستے میں ہی دم توڑ دیا۔
پولیس نے اس واقعہ کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں پرویز احمد پر دو مبینہ عسکریت پسند نزدیک سے گولیاں چلاتے نظر آ رہے ہیں۔ پہلے ایک مبینہ عسکریت پسند ان پر پیچھے سے پستول سے گولی چلاتا ہے بعد میں دوسری سمت سے دوسرا حملہ آور آتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پرویز پر کئی گولیاں چلائیں گئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ حملے کے ذمہ دار عسکریت پسندوں کی شناخت کے لئے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی جارہی ہے جبکہ کچھ مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔