سرینگر: محکمہ فوڈ کی جانب سے راشن کارڈوں پر درج تمام صارفین کے لئے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ راشن گھاٹوں پر آکر بائیو میٹرک کرائیں، تاکہ مستحق افراد ہی راشن حاصل کر سکیں۔صارفین نے اس حکم نامے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راشن کارڈوں پر درج سبھی صارفین کو راشن گھاٹوں پر آنے کا فرمان جاری کرنا مناسب نہیں ہے اور اس حوالے سے محکمہ کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
اطلاعات کے مطابق وادی کے اطراف واکناف سے شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ محکمہ فوڈ کی جانب سے صارفین کو راشن گھاٹوں پر ای پوز مشین پر انگوٹھا کرانے کا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس وجہ سے صارفین میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہیں۔
اس پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے صارفین نے کہا کہ سردی کے ان ایام میں بزرگوں اور بچوں کو راشن گھاٹوں پر آکر بائیو میٹرک کے حوالے سے شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ وائرل انفکشن نے بھی پوری وادی کو اپنی لپیٹ میں لے ہے، اس لئے محکمہ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس معاملے پر سنجیدگی کے ساتھ غور و فکر کرکے معمر اشخاص اور بچوں کو بائیو میٹرک کرانے سے مستثنیٰ رکھیں تاکہ انہیں ذہنی کوفت کا سامنا کرنے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔
ایک صارف ریاض احمد نے بتایا کہ سردی کے ان ایام میں بزرگ مرد و زن اور بچوں کو راشن گھاٹوں پر آنے کا فرمان جاری کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔