سرینگر (جموں و کشمیر):مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ جموں و کشمیر میں آئندہ ماہ شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کی تیاریوں اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے متوقع طور آج ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ کی قیادت کریں گے۔ کشمیر میں سطح سمندر سے 3,880 میٹر کی بلندی پر واقع امرناتھ گھپا کی 62 دن کی سالانہ یاترا یکم جولائی کو شروع ہونے والی ہے اور 31 اگست تک جاری رہے گی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ مرکزی حکومت اور جموں و کشمیر انتظامیہ کے سینئر افسران کے ساتھ امرناتھ یاترا کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔ میٹنگ میں یاتریوں کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے جامع سیکورٹی پلان تشکیل دینے پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
ذرائع نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس اطلاعات سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان میں مقیم عسکریت پسند تنظیمیں یاترا میں خلل ڈالنے کی کوشش کر سکتی ہیں، جس کے لیے مناسب سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کی ضرورت ہے۔ یاترا میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز میٹنگ میں شرکت کریں گے تاکہ یاترا کے احسن انعقاد کے لیے کیے جانے والے انتظامات سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔