جموں جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ سکیورٹی ایجنسیوں نے ملی ٹنسی اور اس کے ماحولیاتی نظام کے خلاف حتمی حملہ شروع کردیا ہے تاکہ یونین ٹریٹری میں دائمی امن کے قیام کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ امن کے ماحول کو درہم و برہم کرنے کی تمام کوششوں کا موثر جواب دیا جا رہا ہے۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یوم جمہوریہ کے موقعہ پر یہاں مولانا آزاد اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا، 'جموں وکشمیر میں سیکورٹی فورسز کا حوصلہ بلند ہے، امن کے ماحول کو درہم و برہم کرنے کی تمام کوششوں کا موثر جواب دیا جا رہا ہے۔'
ان کا کہنا تھا: ’سیکورٹی فورسز ملی ٹنسی، اس کے ماحولیاتی نظام اور اس کے حامیوں کے خلاف حتمی حملے میں مصروف عمل ہیں تاکہ دائمی امن کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔' سنہا نے کہا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ اور مرکزی حکومت نے یونین ٹریٹری میں تعینات سیکورٹی فورسز اہلکاروں کی فلاح وبہبودی کے لئے کئی اقدام کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو 84 ہزار کشمیری پنڈتوں کی درخواستیں موصول ہوئیں جن کی اراضی اور جائیداد سال1990 میں زبردستی چھین لی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھ، 'انتظامیہ ایسی جائیدادوں کو واپس حاصل کرکے کشمیری پنڈتوں کو حوالے کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔'