جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ عسکریت پسندوں اور ان کے معاونین کو قطعی بخشا نہیں جائے گا اور جو مقامی سکیورٹی فورسز کے اہلکار عسکریت پسندوں کے مخالف آپریشنس میں ہلاک ہوئے ہیں ان کے کارناموں کو تدریسی نظام کے نصاب میں شامل کیا جائے گا-
منوج سنہا نے کہا 'اس منصوبے سے جموں و کشمیر کے طلبہ حقیقی ہیروز سے آشناس ہوں گے اور اس نئے نصاب پر سنجیدگی سے عمل کیا جائے گا'۔
سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میں ایک نجی این جی او کی جانب سے منعقد کی گئی تقریب کے دوران منوج سنہا نے ان باتوں کا اظہار کیا-
یہ تقریب 'گلوبل اسٹریٹجک پولیس فاونڈیشن' کی جانب سے منعقد کی گئی تھی۔ اس میں جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کے ہاتھوں ہلاک شدہ پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کو انکے لواحقین کے ہاتھوں نوازا گیا'-
منوج سنہا نے پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا 'ہلاک شدگان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا اور عسکریت پسندوں اور ان کے معاونین کو کبھی بخشا نہیں جائے گا'۔