اردو

urdu

ETV Bharat / state

کشمیر: 79 سی آر پی ایف اہلکار کورونا سے متاثر - سی آر پی ایف اہلکار کورونا سے متاثر

جموں و کشمیر میں آج کورونا وائرس کے 183 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں 79 سی آر پی ایف جوان، ایک فوجی اہلکار اور ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

کشمیر: 79 سی آر پی ایف سمیت 183 نئے پازٹیو کیسز
کشمیر: 79 سی آر پی ایف سمیت 183 نئے پازٹیو کیسز

By

Published : Jun 15, 2020, 7:44 PM IST

مرکزی علاقے جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے نئے 183 کیسز سامنے آئے ہیں اور اس طرح سے کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 5224 ہو گئی ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نئے پائے گئے کیسز میں 79 سی آر پی ایف جوان، ایک فوجی جوان اور ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 2 حاملہ خواتین اور متعدد دکانداروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت پایا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سکمز صورہ کی وائرل ڈایگنوزٹک لیباریٹری میں 126 نئے مثبت معاملات پائے گئے، جبکہ 57 نئے مثبت کیسز دیگر لیباریٹریز سے سامنے آئے ہیں، جن میں سے 14 کا تعلق سرینگر سے ہے، 8 پلوامہ سے، 7 ادھمپور، رامبن سے 4، سانبہ سے 6، بڈگام اور کولگام سے ایک ایک اور 3 کا تعلق ریاسی سے ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سرینگر کے سی ڈی ہسپتال میں 14 کیسز پائے گئے ہیں، جن میں 42 راشٹریہ رائفل کا ایک فوجی اہلکار، اونتی پورہ پولیس اسٹیشن میں تعینات ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، علاوہ ازیں پلوامہ کے روہمو اور وانپوہ علاقے سے تعلق رکھنے والی دو حاملہ خواتین کا پازیٹیو کورونا ٹیسٹ سی ڈی ہسپتال میں ہی پایا گیا ہے۔

نوڈل افسر جی ایچ یتو نے بتایا کہ سکمز صورہ میں 126 نئے کورونا مثبت کیسز پائے گئے ہیں۔ وہیں سکمز صورہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ فاروق جان نے بتایا کہ جن 79 سی آر پی ایف جوانوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت پایا گیا ہے، ان میں سے 19 شوپیاں، 14 کپواڑہ، 6 بارہمولہ، 3 بانڈی پورہ اور گاندربل، سرینگر، بڈگام، کولگام میں بالترتیب ایک ایک شامل ہیں۔

اس کے علاوہ آج کورنا میں مبتلا 2 مریضوں کی موت بھی ہوئی ہے۔ چاڈورہ کے ایک 70 سالہ شخص کو چودہ جون کو ہسپتال لایا گیا تھا اور اسی روز اس کی موت بھی واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ متوفی نمونیا سے دوچار تھا اور اس کا پیر کے روز کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔

قبل ازیں کپوارہ کے ہندوارہ علاقے سے تعلق رکھنے والے کورونا میں مبتلا ایک 18 سالہ نوجوان کی پیر کی علی الصبح ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں موت واقع ہوئی تھی۔ نوجوان کے سر میں شدید چوٹ لگی تھی اور 12 جون کو ایس ایم ایچ ایس ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اس کا کورونا وائرس ٹیسٹ بھی مثبت پایا گیا تھا۔

ان دو اموات کے ساتھ جموں وکشمیر میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 62 ہوگئی ہے جن میں سے 55 کا تعلق کشمیر سے تھا جبکہ باقی 7 کا تعلق جموں سے تھا۔

وادی میں ضلع سرینگر میں اب تک کورونا سے متعلق سب سے زیادہ 15 اموات درج ہوئی ہیں اور دوسرے نمبر پر ضلع بارہمولہ ہے جہاں اب تک 11 افراد کی اس وائرس میں مبتلا ہو کر موت واقع ہوئی ہے جبکہ ضلع کولگام میں آٹھ، اننت ناگ میں چھ، شوپیاں اور کپوارہ میں پانچ پانچ، بڈگام میں تین، پلوامہ میں دو اور بانڈی پورہ میں ایک مریض کورونا میں مبتلا ہوکر داعی اجل کو لبیک کہہ گیا ہے

ABOUT THE AUTHOR

...view details