گجرات کی سیشن عدالت نے ایک کشمیری شخص بشیر احمد عرف اعجاز بابا (43) کو غیر قانونی سرگرمیوں سے بچاؤ ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت الزامات سے باعزت بری کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا ہے۔ انہیں 2010 میں مسلمان نوجوانوں کو تربیت کے لئے پاکستان بھیجنے اور بھارت میں عسکری سرگرمیوں کو پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
بابا فروری 2010 میں احمدآباد کے گجرات کلیفٹ اور کرینیو فیشل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں تربیت کے لئے سری نگر سے گجرات آئے تھے۔ انہیں 13 مارچ کو آنند سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ کسی جاننے والے سے ملنے گئے تھے۔ ان پر یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا اور کالعدم حزب المجاہدین کے رکن کی حیثیت سے عسکریت پسندی پھیلانے کی مجرمانہ سازش کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔