جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں کورنا وائرس قابو میں ہے اور ٹیکہ کاری کی رفتار منصوبے کے مطابق جاری ہے۔ ضلع شوپیان میں کووڈ 19 عالمی وبا کی وجہ سے اب تک 5549 افراد متاثر ہوئے اور اس جان لیوا بیماری کی وجہ 58 افراد فوت ہوگئے، تاہم آج ضلع شوپیان کورونا سے بالکل پاک ہوگیا ہے اور ضلع میں اس وقت کورونا وائرس کا ایک بھی مثبت کیس نہیں ہے جب کہ کورونا سے متاثرہ سبھی افراد صحتیاب ہوگئے ہیں۔
ضلع شوپیان کورونا سے بالکل پاک، ضلع میں ایک بھی مثبت کیس نہیں سال 2019 میں کورونا وائرس کی دستک کے ساتھ ہی شوپیان ضلع بھی اس کے اثر سے محفوظ نہ رہ سکا اور کورونا وائرس کے مثبت معاملات سامنے آنے کے فوراً بعد ہی پورے ضلع میں ملک کے دوسرے علاقوں کی طرح ناکہ بندی کرکے سخت ترین کرفیو کا نفاذ عمل میں لایا گیا اور لوگوں کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔
مقامی باشندوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے وضع کیے گئے ایس او پیز - جن میں ماسک کا استعمال کرنا، بار بار ہاتھ صاف کرنا، سینیٹائزر کا استعمال اور سماجی دوری برقرار رکھنا شامل ہیں - پر عمل کرنے کی وجہ سے ضلع کے لوگ کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے اور ضلع میں 18سال سے زائد عمر کی صد فیصد آبادی کو کورونا مخالف ویکسین فراہم کرنے کی وجہ سے ضلع کورونا سے پاک ہوگیا ہے۔
کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اگرچہ کمی واقع ہوئی ہے تاہم ماہرین کی جانب سے ابھی بھی رہنما خطوط پر عمل کرنے کی تلقین کی جارہی ہے وہیں محکمۂ صحت کی جانب سے ضلع شوپیاں میں داخل ہونے والے سبھی افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا جارہا ہے جب کہ لوگوں کو ایس او پیز کا خیال رکھنے پر زور دیا جارہا ہے۔