شوپیاں (جموں و کشمیر) :جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں ایک دلدوز سڑک حادثہ کے دوران ایک نوجوان، جس کی شناخت ایاز احمد وگے ولد محمد امین وگے ساکنہ چودھری گنڈ، شوپیاں کے طور پر ہوئی ہے، ہلاک ہوگیا ہے۔ مقامی باشندوں کے مطابق ویہل، شوپیاں میں جمعہ کو بعد دوپہر شوپیاں - کولگام روڑ پر ایک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں ایک مقامی ڈرائیور شدید طور پر زخمی ہوا جو بعد میں ضلع اسپتال شوپیاں میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔
عینی شاہدین کے مطابق ضلع شوپیاں کے ویہل علاقے میں اس وقت سڑک حادثہ پیش آیا جب ایک لوڈ کیرئیر، جس میں لکڑی لدی ہوئی تھی، کے اندر سے دوران سفر لکڑی باہر نکل آئی اور وہ دوسری گاڑی، جو اس کے پیچھے چل رہی تھی، کے ساتھ ٹکرا گئی اور ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گاڑی حادثہ کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ مقامی باشندوں کی مدد سے اگر چہ زخمی نوجوان کو فوری طور پر ضلع اسپتال شوپیاں پہنچایا گیا تاہم ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں کے مطابق اسپتال پہنچانے سے قبل ہی نوجوان کی موت واقع ہو چکی تھی۔ ہلاک شدہ نوجوان کی شناخت 29 سالہ ایاز احمد وگے ولد محمد امین وگے ساکنہ چودھری گنڈ شوپیاں کے طور پر ہوئی ہے۔