سانبہ (جموں کشمیر) :سانبہ پولیس نے منگل کی صبح سپروال علاقے سے ہیروئن کے تین منشیات سمگلروں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے دیسی ساختہ پستول، ہیروئن اور نقدی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سانبہ پولیس نے گرفتار کیے گئے منشیات فروشوں کی شناخت عبد الحبیب عرف بیم ساکنہ نانکے، چک بڈھیری، سانبہ۔ بشارت علی عرف بشو ساکنہ بڈیان سپووال اور صابر عرف پلو ساکنہ بڈیان، سپووال، سانبہ کے طور پر کی ہے۔
پولیس بیان کے مطابق عبدالحبیب کو بسنتر کھڈ کے کنارے اور بشارت اور صابر کو دیویکا کھڈ کے کنارے سے پکڑا گیا ہے اور وہ یہاں نوجوانوں کو منشیات سپلائی کرنے آئے تھے۔ ان کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ہیروئن اسمگلر عبدالحبیب عرف بیم کے قبضے سے ایک دیسی ساختہ پستول، 16 ہزار روپے مالیت کی ہیروئن اور 7200 روپے نقدی برآمد کی گئی، جبکہ بشارت علی عرف بشو اور محمد صابر کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ صابر عرف پلو سے 7000 روپے مالیت کی ہیروئن اور 2500 روپے نقد برآمد کی گئی ہے۔ بشارت علی عرف بشو اور محمد صابر عرف پلو ہیروئن فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہیروئن سمگلر سانبہ اور گرد و نواحی علاقوں کے نوجوانوں کو بالخصوص صبح اور شام کے اوقات میں ہیروئن سپلائی کرتے تھے۔