سانبہ (جموں و کشمیر) :امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر امسال سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ حساس علاقوں - جہاں پر ملی ٹینٹ حملوں کے خدشات لاحق رہتے ہیں - پر جدید مشینری کو نصب کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کے دوران اس بار متعدد ڈرونز کے ذریعے بھگوتی نگر جموں سے لے کر پوترا گھپتا تک چوبیس گھنٹے نگرانی رکھی جائے گی تاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ معلوم ہوا ہے کہ درجنوں ڈرونز امر ناتھ یاتریوں کی نقل وحرکت پر نظر گزر رکھیں گے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیز کے سینئر افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر امر ناتھ یاترا کے حوالے سے کئے جارہے انتظامات کے بارے میں مرکزی وزارت داخلہ کو جانکاری فراہم کریں۔ ادھر، جموں کے سرحدی علاقوں میں پہلے ہی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے اور مقامی لوگوں سے تلقین کی گئی ہے کہ مشتبہ شئے کے بارے میں وہ فوری طورپر نزدیکی پولیس اسٹیشن کے ساتھ رابط قائم کرئے تاکہ عسکریت پسندوں کے عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔ دریں اثنا، امر ناتھ یاترا کے پیش نظر سانبہ کے سرحدی علاقے میں شبانہ کرفیو نافذ کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔