شری ماتا ویشنو دیوی یاترا کے لئے آن لائن رجسٹریشن اور ہیلی کاپٹر بکنگ بدھ سے شروع ہوگی۔
شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر رمیش کمار تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ یاترا کے لئے آن لائن رجسٹریشن اور ہیلی کاپٹر بکنگ 26 اگست سے 5 ستمبر تک دستیاب رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ یاتری کٹرہ پہنچنے سے قبل ہی آن لائن رجسٹریشن کر سکتے ہیں اور ہیلی کاپٹر ٹکٹ بھی پہلے ہی بک کر سکتے ہیں۔
دریں اثنا سرکاری ذرائع کے مطابق ملک کی دوسری ریاستوں سے آنے والے یاتریوں کی تعداد 100 سے بڑھا کر 250 یومیہ کر دی گئی ہے۔
قبل ازیں پیر کے روز شرائن بورڈ نے دوسری ریاستوں سے آنے والے یاتریوں کے لئے منفی کووڈ رپورٹ ساتھ لانا لازمی قرار دیا ہے جو 48 گھنٹوں سے زیادہ پرانی نہیں ہونی چاہئے۔
بورڈ کے سی ای او نے کہا کہ جن یاتریوں کے پاس منفی کووڈ رپورٹ نہیں ہوگی انہیں یاترا کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن رجسٹریشن کرنے والے یاتریوں کو ہی یاترا کی اجازت دی جائے گی اور 60 برس کی عمر سے زیادہ بزرگوں، مریضوں، حاملہ خواتین اور 10 برس کی عمر سے کم بچوں کو یاترا کی اجازت نہیں ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ کورونا کے پیش نظر یاترا کو ماہ مارچ میں معطل کیا گیا تھا۔