سرینگر (نیوز ڈیسک) :بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان ایک بار پھر اپنی آنے والی فلم کی کامیابی کے لیے پرارتھنا کرنے ضلع ریاسی کے ویشنو دیوی مندر، کٹرا پہنچے۔ سخت سیکورٹی انتظامات کے بیچ شاہ رخ خان دوپہر 12:30 بجے کٹرا سے ویشنو دیوی بھون کے لیے روانہ ہوئے۔ خیال رہے کہ شاہ رخ خان کی فلم ’’دُنکی‘‘ کرسمس کے موقع پر ریلیز ہو رہی ہے اور موصولہ اطلاعات کے مطابق ماضی کی طرح اس بار بھی شاہ رخ خان فلم کی کامیابی کی تمنا لے کر ویشنو دیوی مندر پرارتھنا کرنے پہنچے۔
اس سے قبل بھی شاہ رخ خان فلم پٹھان اور فلم جوان کی ریلیز سے قبل ویشنو دیوی مندر کے دربار پہنچے تھے اور یہاں انہوں نے فلم کی کامیابی کے لیے پرارتھنا کی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ شاہ رخ خان کی دونوں فلمیں - پٹھان اور جوان - ہٹ ہوئی تھیں۔ اپنی آنے والی فلم ’’دُنکی‘‘ کی شوٹنگ کے لئے کنگ خان وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع آئے تھے۔ رواں برس اپریل میں شاہ رخ خان نے سونہ مرگ خاص کر تھاجی واس گلیشئر پر شوٹنگ کی تھی۔