جموں و کشمیر پہاڑی ضلع رام بن میں چندرکوٹ سے تعلق رکھنے والے افراد نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ تعمیرات عامہ کے خلاف خاموش احتجاج کیا۔
احتجاج کر رہے لوگوں نے دعویٰ کیا کہ ’’نباڑ (NABARD) کے تحت چندر کورٹ سے براستہ ماگدھن قریب 9 کلومیٹر لمبی سڑک کا کام سال 2010ء میں شروع کیا گیا تھا تاہم ایک دہائی سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود بھی محکمہ نے ایک کلو میٹر سڑک کی تعمیر و مرمت مکمل نہیں کی۔‘‘
سنہ 2010سے زیر تعمیر سڑک کو جلد مکمل کرنے کا مطالبہ مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیے پہلے ہی کروڑوں روپیے واگزار کر دے گئے تھے اور بعض مقامی کسانوں کو زمین کے عوض معاوضہ بھی فراہم کیا گیا تھا تاہم اس کے باوجود برسوں سے سڑک کی تعمیر کا کام مکمل نہیں کیا گیا۔
اس موقع پر احتجاج میں شامل ایک سماجی کارکن نے کہا کہ آج کے ڈیجیٹل اور تیز رفتار دور میں بھی عوام کو سڑک جیسی بنیادی ضرورت کے لیے احتجاج کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر چندرکوٹ سڑک کی تعمیر و مرمت کا کام جلد شروع نہ کیا گیا تو لوگ احتجاج میں شدت لانے کے لیے مجبور ہو جائیں گے۔