آتشزدگی میں تین دکانیں خاکستر رام بن (جموں و کشمیر):پہاڑی ضلع رام بن کے ترگام، کھڑی علاقے میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں تین دکانیں خاکستر ہو گئیں۔ آگ کی اس واردات میں اگرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم دکانوں میں موجود املاک املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق سب ڈویژن کھڑی علاقہ کے پٹن نالہ، ترگام علاقے میں اچانک ایک دکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً دو دیگر دکانوں کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔ مقامی باشندوں نے آگ کے بجھانے کی از خود کوشش کی تاہم علاقے میں فائر اینڈ ایمرجنسی خدمات نہ ہونے کے باعث آگ کے سبب دکانیں زمین بوس ہو گئیں۔
حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ڈی ڈی سی کونسلرز، بی ڈی سی چیئرمین، ڈی ڈی سی چیئر پرسن، پنچ سرپنچ سمیت ایس ڈی ایم بانہال، ظہیر بھٹ، بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور حادثہ کے سبب ہوئے نقصان کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مقامی عوامی نمائندوں اور ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے انتظامیہ سے کھڑی علاقے میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروس خدمات قائم کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات رونما ہونے پر حادثات کے دوران نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔ ادھر، ایس ڈی ایم بانہال نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کی انہیں جلد معقول معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ تحصیل صدر مقام اکھڑ ہال، کھڑی اور رام سو میں محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی جانب سے کوئی فائر اسٹیشن قائم نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے آتشزدگی سمیت دیگر حادثات کے دوران جان و مال کو کافی نقصان پہنچتا ہے۔ پٹن نالہ، ترگام، کھڑی علاقے کے باشندوں نے کہا کہ علاقے میں زمین کی نشاندہی بھی کی جا چکی ہے تاہم حکومت کی جانب سے علاقے میں فائر اینڈ ایمرجنسی یونٹ قائم کرنے میں لیت و لعل کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:House Gutted in Ramban: گول، رام بن میں آتشزدگی، رہائشی مکان خاکستر